رضی الدین سید
سمجھ میں نہیں آتا کہ عمران خان اور شہباز شریف ، دونوں ہی اپنی اپنی باریاں لگانے کے لیے کیوں ایک دوسرے کے خلاف مسلسل لڑ جھگڑرہے ہیں؟ ملک چلانے کے لئیے سنجیدہ پروگرام کسی کے پاس کیوں نہیں ہے؟۔ شہباز و نواز شریف کا معاملہ تو یہ ہے کہ وہ اقتدار اس لیے نہیں چھوڑنا چاھتے کہ اگر عمران خان آگیا تو سب کے مقدمے دوبارہ کھل جائیں گے اور وہ سب کے سب جیل چلے جائیں گے ۔ لیکن عمران خان آخر کیوں یہ ساری جدوجہد کرتے چلے جا رہے ہیں؟۔کیا انہیں پتا نہیں ہے کہ ان کے ساتھی بھی دوسری پارٹیوں کے ارکان کی مانند بکائو مال ہیں؟ اور اپنی وفا داری کروڑوں میں بیچ کر، ان سے ہٹا کر، زرداری اور شریف خاندان کے حوالے کردیتے ہیں؟ ۔سو دونوں کی لڑائیاں اپنی جگہ پر۔ لیکن نتیجہ میں ستائیس کروڑ عوام بلاوجہ ہی پس رہےاور برباد ہوریے ہیں۔ کیا انہیں پتہ نہیں ہے کہ ایک ایک چھوٹا سا آئیٹم بھی لوگوں کی دسترس سے باہر ہوچکا ہے؟ ۔ ملک کی معیشت کا بدترین حال ہے اور آئی ایم ایف بھی گردن دبوچے ہوئے ںیٹھا ہے؟ اس صورت حال میں عمران خان، تم اگر دوبارہ اقتدار میں آگئے تو مسئلوں کو کس طرح حل کرو گے؟ کیا شوکت ترین اور اسد عمر کے پاس کوئی جادوئی چھڑی ہے کہ مہنگائی کم کرنا تو دور کی بات ہے ،وہ اسے اپنی جگہ ہی پر روک دیں گے؟ ۔۔ اگر فضل الرحمان گروپ معیشت ٹھیک کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے تو عمران خان تم ہی کم از کم سنجیدہ ہوجائو۔ اللہ کے بندو، کچھ تو ملک کے لئے بھی سوچ بچار کرلیا کرو۔ آئی ایم ایف کے روزانہ کے مطالبے، ڈالر کی تیز ترین پرواز، گرے لسٹ، بلیک لسٹ، سرخ لسث، اور بجلی کے ناقابل یقین ںلز، کیا دوبارہ اقتدار میں آکر تم انہیں روک سکوگے؟ کیا آئی ایم ایف تمہارے کہنے ہر قرضے معاف کردے گا؟ کیا شریف خاندان کی مانند تم بھی کاسہ گدائی ہی لئے لئے پھر تے رہوگے؟ تین تین ہزار کے احساس پروگرام کے تحت لوگوں کو بھکاری اور ذلیل بنانا کیا تمہارے دل کو بھاتا ہے؟ لوگ تم سے محبت کریں تو تم انہیں ذلیل کردو، پیس کے رکھ دو، بھکاری بنادو, اور یوٹیلیٹی سٹور کے نام پرتماشا بنادو؟۔ اللہ کے بندو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔”شریف خاندان ڈاکو ہے, زرداری خاندان چور ہے، اور فضل الرحمان دین فروش ہے” ، کے نعروں سے باہر آجائو . بس بہت ہوچکا تماشا۔ ملک کو سنوارنے کے لیے ،مہنگائی کم کرنے کے لئے،اور لوگوں کی زندگیوں میں سہولت پیدا کرنے کے لئے ، تم اپنے لوگ ،خود ہی مل بیٹھو اور کوئی متبادل و سنجیدہ منصوبہ سامنے لائو۔ کیسے یہ ملک بحران سے نکلے گا؟ ، کیسے میرے نازک ملک کی ایٹمی صلاحیت خطرے سے دور ہو گی؟، اور کیسے دنیا بھر میں ہمارا تماشا بننا رکے گا؟ مسٹر عمران خان ، کیاآپ کو پتہ ہے کہ بی بی سی ، سی این این، وائس آف امریکا ،اور الجزیرہ چینلز، اپنی اپنی نشریات میں سب ہی ہماری ایک ایک چیز کا مذاق اڑا رہے ہیں؟ مسٹر عمران تم نے ابھی حال ہی میں دعویٰ کیا تھا کہ کمزور حکومت ملی تو میں جو ڑ توڑ کی حکومت نہیں بناؤں گا ۔تو معلوم رہنا چاہیے کہ پاکستان میں شاید ہی کبھی کسی پارٹی کو دو تہائی اکثریت ملی ہو۔ سادہ اکثریت ہی ملتی رہی ہے جس کی خاطر چھوٹی موٹی پارٹیوں کو ساتھ ملانا ناگزیر بن جاتا ہے ۔ تو آپ کے یہ دعوے پھر آخر کس کام آئیں گے؟ کیا جوڑ توڑ کی حکومت بنانے کے لئے آپ حسب روایت دوبارہ یو ٹرن لیں گے؟ بہت سے سوالات ہیں جن کے جوابات ، مجھے یقین ہے ، کہ آپ کے پاس بھی نہیں ہیں۔ سو میں اسی کی جانب آپ کی توجہ دلا رہا ہوں۔ لوگ کہتے ہیں ، اور صحیح کہتے ہیں کہ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ ۔”تم یونہی آپس میں لڑتے رہو۔۔ رہنمائو، ہمیں راستا چاہئے”.. ۔ ۔ خیر دیش ۔ ۔ ۔ رضی الدین سید
